Read time: 1 mins

نیشنل کالج آف آرٹس کی ایک تجریدی لڑکی کے نام & ایسے بھی کچھ دن ہوتے ہیں

by Sarmad Sehbai
10 June 2021

 

نیشنل کالج آف آرٹس کی ایک تجریدی لڑکی کے نام

توکن رنگوں کی دہشت سے

اپنے فحش سوالوں کے ناخون بڑھاتی رہتی ہے

خوابوں کی دھندلی لذت میں

اپنی کچی مسیں بھگوتے لڑکوں کی

نیند اُدھیڑتی رہتی ہے

تیرے پرس کے آئینے میں

تیری خفیہ شکل چھپی ہے

امرودوں سی چھاتیاں جن پر

ململ کی باریک سی مدھم دھوپ بچھی ہے

جیبوں میں جنگلی دیو مالا

اور چہرے پر چڑھتے تند دھوئیں کا ہالہ

تیری شطرنجی آنکھوں میں

کیسے نقشے کھنچے ہوئے ہیں

کس غیبی بوسے کی خاطر

تیرے لب یوں کھلے ہوئے ہیں

آ میں تجھ کو

خواہش کے عریاں موسم میں

رنگ لگاوں

بانہوں کے اِیزل پر تیرا چہرہ رکھ کر

ہونٹ سے تیری شکل بناؤں


 

ایسے بھی کچھ دن ہوتے ہیں

ایسے بھی کچھ دن ہوتے ہیں

جن کی جیب میں نہ اخبار نہ گھڑیوں کے بیکار الارم

چڑھتے اور اترتے بھاؤ، کچھ نہیں ہوگا

ان کے منہ میں افواہوں کی جھاگ نہ ان کے چہروں پر

کسی ڈراؤنی سازش کی دہشت ہوتی ہے

بھولے بھالے سے معصوم یہ دن

ایسے دنوں میں لاؤڈ سپیکر

شہر سے ہجرت کر جاتے ہیں

بازاروں میں ساری دکانیں یکدم غائب ہو جاتی ہیں

جلسے اور جلوس کی رسمیں مٹ جاتی ہیں

ان کی کھلی ہوئی کھڑکی سے ناں تو

یخ آلود ہوا آتی ہے

اور ناں ان کے دالانوں میں لُو چلتی ہے

ان کا تو بس اپنا ہی موسم ہوتا ہے

گردن میں پھولوں کے مفلر

کانوں میں بل کھاتی مندری

جھومتے ننگ منگے سے دن

یہ دن یہ دن

بے موسم پیڑوں سے تازہ سیب چرا کر

جسموں کے پاتال میں سوئی

اک جنگلی دیو مالا آن جگا دیتے ہیں

جانے کیسے دروازوں سے

ازلوں کی سرگوشی بن کر چھا جاتے ہیں


Return to the collection


Illustration by Isma Hasan

About the Author

Sarmad Sehbai

Sarmad Sehbai is a poet, playwright, film and theatre director from Pakistan who works in Urdu, Punjabi and English. He is the author of numerous poetry collections including Neeli Kay Su Rung, Un Kahi Baton ki Thakan and Pal Bhar ka Bahisht. His film Mah-e-Mir was Pakistan’s official nominee for Oscars in 2017 and garnered Sehbai a Lifetime Achievement […]

Related